Aaj Logo

شائع 27 جون 2024 01:19pm

مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کا کیس: پرویز الہٰی فرد جرم کیلئے آئندہ سماعت پر طلب

لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں فرد جرم عائد کرنے کے لیے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی اور دیگر ملزمان کو ایک بار پھر آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

اینٹی کرپشن عدالت لاہور کے ڈیوٹی جج ارشد علی بھٹہ نے مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت کی۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی آج بھی عدالت پیش نہ ہوئے، محمد خان بھٹی کو حاضری کے لیے اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش کیا گیا جبکہ جبکہ دیگر برضمانت ملزمان نے حاضری لگوائی۔

دوران سماعت وکلاء کی جانب سے رہنما تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔

عدالت نے پرویز الہٰی اور دیگر ملزمان کو فرد جرم کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

اس موقع پر چوہدری پرویز الہٰی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش کیا گیا، رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈاکٹرز نے پرویز الہٰی کو سفر کرنے سے روک رکھا ہے، پرویز الہٰی کی پسلی کا فریکچر ابھی ٹھیک نہیں ہوا، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو دل کی تکلیف بھی ہے۔

جعلی بھرتیوں کے مقدمے میں پرویز الہٰی پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی

بعدازاں عدالت نے پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمہ پر سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر دی۔

Read Comments