آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے 9ویں ایڈیشن کا پہلا سیمی فائنل جمعرات کی الصبح افغانستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں فائنل تک رسائی کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگائیں گی۔
ویسٹ انڈیز اور امریکا میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل کا میدان ٹرینیڈاڈ ٹوباگو میں سجے گا۔
میگا ایونٹ کی ناقابل تسخیر جنوبی افریقا پہلی بار فائنل میں رسائی حاصل کرنے کا عزم لے کر میدان میں اترے گی، اس سے قبل 2009 اور 2014 میں اس کا فائنل کھیلنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکا تھا۔
جنوبی افریقا ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
افغانستان نے سپر 8 مرحلے میں خطرناک آسٹریلیا کو اپ سیٹ اور بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر پہلی بار ٹی 20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
افغانستان اور جنوبی افریقا کے درمیان اب تک ٹی 20 کرکٹ میں 2 بار آمنا سامنا ہوا ہے، دونوں میچوں میں جنوبی افریقا فاتح رہا۔
بنگلہ دیش کو ہرا کر افغانستان پہلی بار ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا، آسٹریلیا باہر
رواں ٹی 20 ورلڈ کپ میں افغانستان کے بیٹر اور بولر چھائے ہوئے ہیں، بلے باز رحمان اللہ گرباز 281 رنز کے ساتھ جبکہ بولر فضل حق فاروقی 16 وکٹوں کے ساتھ نمبر ون پوزیشن پر براجمان ہیں۔