امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے جارہے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے سپر 8 مرحلے کا ڈرامائی انداز میں اختتام ہونے کے بعد اب شائقین کرکٹ کی نظریں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل پر ہیں، جہاں افغانستان نے تاریخ رقم کرتے ہوئے نہ صرف پہلی بار ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی بلکہ آسٹریلیا جیسی چیمپئن ٹیم کو بھی ایونٹ سے باہر کردیا۔
کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق ٹی 20 ورلڈکپ کا سپرایٹ مرحلہ انتہائی دلچسپ رہا جس میں افغانستان نے پہلے آسٹریلیا اور پھر آخری میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو شکست دے کر پہلی بار میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔
افغانستان کے فائنل 4 میں پہنچتے ہی متعدد ون ڈے ورلڈ کپ اور ایک ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والے چیمپئن ٹیم آسٹریلیا کا سفر میگا ایونٹ میں اختتام پذیر ہوگیا۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں گروپ 2 کی ٹاپ ٹیم جنوبی افریقا، گروپ ون میں دوسرے نمبر پر آنے والی افغانستان سے مدمقابل ہوگی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں گروپ ون کی ٹاپ ٹیم بھارت گروپ 2 میں دوسری پوزیشن پر آنے والے دفاعی چیئمپئن انگلینڈ سے مقابلہ کرے گی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل 27 جون کو جنوبی افریقا اور افغانستان کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 5 بجے ٹاروبا کے برائن لارا اسٹیدیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 27 جون کو ہی دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان شام کو ساڑھے 7 بجے گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے آغاز میں ہی یہ فیصلہ کرلیا گیا تھا، اگر بھارت فائنل فور میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو وہ گیانا میں ہونے والا دوسرا سیمی فائنل ہی کھیلے گا، کیوں کہ گیانا میں بھارتی شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے۔
ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنلز کے لیے صورتحال بالکل مختلف ہے، افغانستان اور جنوبی افریقا کے میچ کے لیے اضافی دن رکھا گیا ہے لیکن بھارت اور انگلیند کے درمیان ہونے والے دوسرے سیمی فائنل کے لیے کوئی اضافی دن نہیں ہے کیوں کہ ایک دن کے فرق سے ورلڈکپ کا فائنل شیڈول ہے اور اضافی دن رکھنے سے یہ دورانیہ بہت کم ہوجائے گا۔
بارش ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو 250 منٹ اضافی دیے جائیں گے، پہلے سیمی فائنل کے لیے دن کے اختتام پر اضافی 60 منٹ بھی رکھے گئے ہیں جبکہ پہلے سیمی فائنل کے لیے اضافی دن پر بھی 190 منٹ ایکسٹرا دیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ، سیمی فائنل اور فائنل میچ کو مکمل کرنے کے لیے دونوں ٹیموں کو کم سے کم 10 اوورز کھیلنا لازمی ہیں، سپر ایٹ اور گروپ مرحلے میں 5 اوورز فی اننگز کھیلنا لازمی تھا چونکہ دونوں سیمی فائنل میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے لہذا یہ اصول انتہائی اہمیت اختیار کرسکتا ہے۔
اگر بارش کی وجہ سے دونوں سیمی فائنل نہیں ہوسکے تو سپر ایٹ مرحلے میں اپنے اپنے گروپس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں (بھارت اور جنوبی افریقا) فائنل میں رسائی حاصل کرلیں گی اور اگر کسی وجہ سے فائنل بھی نہیں ہوسکا تو دونوں ٹیمیں مشترکہ طور پر ٹی20 ورلڈ کپ چیمپئن قرار دی جائیں گی۔