اسرائیل غزہ پر بھارتی اور امریکی کے تیار کردہ مہلک ہتھیاروں سے حملے کررہے ہے لیکن اب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں ایک میزائل سے اسرائیلی ٹینک کو تباہ کیا گیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ’ریڈ ایرو‘ میزائل سے متعلق قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
القسام بریگیڈز نے فوٹیج جاری کی جس میں دکھایا گیا کہ ایک اسرائیلی ٹینک جسے او وی آئی انجیئرنگ گاڑی بھی کہا جاتا ہے، کو جنوبی غزہ کی پٹی رفح میں ’ریڈ ایرو‘ گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
حماس کے جال میں پھنس کر 4 اسرائیلی فوجی ہلاک، 7 زخمی
’فلسطین کرونیکلز‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی گاڑی کو نشانہ بنانے کے لیے چینی گائیڈڈ میزائل ’ریڈ ایرو‘ کا استعمال کیا گیا۔
ریڈ ایرو سیکنڈ جنریشن کا ٹینک شکن میزائل ہے، جس میں وائر آپٹیکل گائیڈنس سسٹم کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہ میزائل 3 سے 4 کلو میٹر کی حد تک ہدف کا نشانہ بنا سکتا ہے اور یہ 1980 کی دہائی کے آخر سے چینی پیپلز لبریشن آرمی کے ہتھیاروں کا ایک اہم جزو رہا ہے۔
25 کلو گرام وزنی یہ میزائل زمین، جنگی گاڑیوں یا ہیلی کاپٹر سے بھی داغا جا سکتا ہے۔ 2021 میں اسپوتنک کی ایک رپورٹ میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی تھی کہ چینی ملٹری انڈسٹری نے امریکی FGM-148 جیولن کے مقابلے میں کئی تھرڈ جنریشن پورٹیبل اینٹی ٹینک میزائل سسٹم تیار کیے ہیں۔
حماس کے حملے میں مزید 2 اسرائیلی فوجی ہلاک
عسکری ماہر کرنل حاتم الفالحی نے الجزیرہ کو بتایا کہ حال ہی میں متعارف کرایا گیا ’ریڈ ایرو میزائل‘ مزاحمتی تحریک میں نمایاں حیثیت حاصل کرگیا ہے جس سے گاڑیوں اور بکتر بند یونٹوں کو 4 کلومیٹر تک کی دوری سے نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
الفالحی کے مطابق یہ آپریشن اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے القسام بریگیڈز پر جلد فتح کے بارے میں دعووں کے برعکس حقیقت کو ظاہر کرتا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ میں اسرائیل کی جاری نسل کشی میں اب تک 37,626 فلسطینی شہید اور 86,098 زخمی ہو چکے ہیں۔
مزید برآں، کم از کم 11,000 لوگ لاپتا ہیں، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ پوری پٹی میں اپنے گھروں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ فلسطینی اور بین الاقوامی تنظیموں کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔