Aaj Logo

شائع 24 جون 2024 11:43pm

ٹی 20 ورلڈ کپ: بڑے ہدف کے سامنے کینگروز بے بس، بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ٹی 20 ورلڈ کپ میں 206 رنز کے بڑے ہدف کے سامنے کینگروز بے بس ہوگئے، بھارتی ٹیم سپر ایکٹ کے اہم میچ میں آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ کپتان روہت شرما نے دھواں دھار اننگ کھیلی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سینٹ لوشیا میں کھیلا گیا۔ آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم 181 رنز پر ہمت ہار گئی اور یوں 24 رنز سے میچ ہار گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 76 ، کپتان مچل مارش 37 اور گلین میکسویل 20 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اس سے قبل بھارتی بیٹنگ کے آغاز پر تجربہ کار بلے باز ویرات کوہلی صفر پر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد کپتان روہت شرما نے 41 گیندوں پر 92 رنز کی دلکش اننگ کھیلی۔ جس میں 8 چھکے بھی شامل تھے۔

ٹیم انڈیا کے دیگر کھلاڑیوں میں سوریا کمار یادیو 31، شیوم دوبے 28 اور ہاردک پانڈیا 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

کینگروز کی جانب سے مچل اسٹارک اور مارکس اسٹوئنس نے 2، 2 بھارتی کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

آسٹریلیا کا سیمی فائنل کا سفر مشکل ہوگیا

آسٹریلوی ٹیم کو اب گروپ 1 میں بنگلادیش اور افغانستان کے میچ میں افغان ٹیم کی شکست پر انحصار کرنا ہے۔

Read Comments