Aaj Logo

شائع 24 جون 2024 11:20pm

گلگت بلتستان کا بجٹ پیش: ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ

گلگت بلتستان کے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کردیا گیا۔ وزیر خزانہ محمد اسماعیل نے ایک کھرب 40 ارب 17 کروڑ 20 لاکھ روپے کا بجٹ اسمبلی میں پیش کیا۔

اسمبلی اجلاس میں محمد اسماعیل نے بتایا کہ بجٹ میں گریڈ 1 تا 16 کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اور گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ گندم پر سبسڈی کی مد میں 19 ارب 7 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ جبکہ غیر ترقیاتی بجٹ کے لیے 86ارب 60 کروڑ رکھےگئے ہیں جس میں 68 ارب روپے وفاق کی طرف سے دیےجائیں گے۔

بجٹ میں قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے 13کروڑ 30لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے ہنگامہ آرائی بھی کی گئی، ارکان نے بجٹ کی کاپیاں پھاڑنے کے بعد ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

گلگت بلتستان اسمبلی کا بجٹ اجلاس اب بدھ 26 جون دوپہر 12 بجے ہوگا۔

Read Comments