Aaj Logo

شائع 24 جون 2024 07:06pm

سینیٹ قائمہ کمیٹی نے ملازمت پیشہ افراد پر ٹیکس میں اضافہ متفقہ طور پر مسترد کر دیا

سینیٹ قائمہ کمیٹی نے ملازمت پیشہ افراد پر ٹیکس میں اضافے کو متفقہ طور پر مسترد کردیا جبکہ نوزائیدہ بچوں کے دودھ پر بھی ٹیکس اضافے کو یکسر مسترد کردیا گیا۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر سفارشات پر مبنی رپورٹ ایوان میں پیش کی اور کہا کہ ہمیں سفارشات کے لئے عموما 14 دن ملتے ہیں، اس بار ہمیں صرف 6 دن دیے گئے۔

انھوں نے کہا کہ تمام کمیٹی ارکان، سینیٹ عملے، میڈیا، مختلف وزارتوں کے حکام نے بہت تعاون کیا۔ 32 اسٹیک ہولڈرز نے کمیٹی میں نمائندگی کی اور اپنی سفارشات پیش کیں۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ہمیں ملکی معیشت پر سیاست بند کردینی چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت پر اتفاق کرنا چاہیے۔

حکومت کا تمام کٹوتی کی تحریکوں کی مخالفت کا فیصلہ

انھوں نے کہا کہ ہمیں ملکی معیشت اور بجٹ تیاری میں کوئی بہتری نظر نہیں آرہی، اگر معیشت پرسیاست بند نہ کی گئی تو اگلا بجٹ اورزیادہ برا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ 2.4 ملین نان فائلرز کو کوئی نہیں پوچھ رہا، بڑے سیٹھوں اور مالدار افراد پر بھی کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا۔

پولٹری فیلڈ پر ٹیکس سے متعلق قائمہ کمیٹی نے سفارش کی کہ حکومت اس پر نظر ثانی کرے۔ کمیٹی نے یہ سفارش بھی کی کہ جو اسپتال مریضوں سے پیسے نہیں لیتے انھیں مراعات دی جائیں۔

سستے موبائل اور اسٹیشنری پر ٹیکس مسترد

سستے موبائل فون پر ٹیکس کو کمیٹی نے مسترد کرتے ہوئے اس کو ختم کرنے کی سفارش کی جب کہ پہلی بار اسکول کے بچوں کی پینسل، ربڑ کاغذ پر ٹیکس لگایا گیا جس کو قائمہ کمیٹی نے مسترد کیا۔ اس ٹیکس کو ختم کرنے کی سفارش کی گئی۔

Read Comments