پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پریمیم نمبر پلیٹ کی نیلامی 29 جون (ہفتہ) کو سندھ میں ہوگی۔
سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے اتوار کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان نمبر پلیٹس کی ایک بنیادی قیمت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ان میں پلیٹس تین قسمیں (پلاٹینم، گولڈ اور سلور) شامل ہوں گی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ یہ ایک کھلی نیلامی ہوگی۔ اگر میں چاہوں کہ مجھے اچھی نمبر پلیٹ مل جائے تو میں یہ نہیں کر سکتا کیونکہ اس کیلئے میرا اس کھلی نیلامی کا حصہ بننا لازمی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ میگا نیلامی کی تقریب کے اخراجات صوبائی حکومت برداشت نہیں کر رہی۔ ہم نے منصوبہ بنایا ہے کہ گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں اس تقریب کو سپانسر کریں گی۔
وہ پر امید تھے کہ نیلامی حکومت کے لیے ”اچھا ریونیو“ پیدا کرے گی۔