امریکی ریاست کنیکٹیکٹ میں پولیس نے ایک شخص کو اپنے دو بچوں کو ڈبوکر ہلاک کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ وہ رات کے ڈھائی بجے ساحل کی مانیٹرنگ کر رہا تھا۔ گشت کے دوران اُسے بچوں کی چیخ پکار سنائی دی۔ قریب ہی ایک گاڑی بھی کھڑی تھی۔
پولیس افسر پانی کی طرف بڑھا تو دیکھا کہ کوئینز، نیو یارک کا رہائشی 42 سالہ رومنی ڈیزرانوِل اپنے دو بچوں کو ڈبونے کی کوشش کر رہا ہے۔ پولیس افسر کو اپنی طرف آتا دیکھ کر رومنی مزید تیزی سے پانی کی طرف بڑھا۔
پولیس افسر نے اپنے ساتھیوں کو کال دی اور اُن کے آنے تک ساحل سے 100 میٹر دور قدرے گہرے پانیوں میں رومنی سے نبرد آزما رہا۔ خاصی جدوجہد کے بعد وہ بچوں کو ڈوبنے سے محفوظ رکھنے میں کامیاب ہوا۔ اس دوران کمک آپہنچی اور پولیس اہلکاروں نے رومنی کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ دھینگا مشتی میں تین پولیس افسر معمولی زخمی ہوئے۔
ویسٹ ہیون پولیس ڈپارٹمنٹ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ ریسکیو کیے جانے والے دونوں بچوں کی عمر تین سال سے کم ہے۔ انہیں مقامی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا ہے کیونکہ ڈبوئے جانے کی کوشش کے باعث وہ بہت سہمے ہوئے بھی ہیں اور سانس لینے میں دشواری کا بھی سامنا ہے۔