کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ بین الاقوامی امور کے وزیر لیو جیان چاؤ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پر حالیہ پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے اہم منصوبے سی پیک کی کامیابی کے لئے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
چینی وزیر لیو جیان چاو نے کہا کہ وہ چین میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان کامیاب ملاقاتوں کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور سی پیک پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کے لئے چین کے عزم کو دھرایا۔
چینی وزیر نے علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔