Aaj Logo

شائع 19 جون 2024 03:31pm

ٹی 20 ورلڈکپ: آئی سی سی نے بنگلہ دیشی بولر کو سزا دے دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیشی فاسٹ باؤلر تنظیم حسن ثاقب پر ورلڈ کپ کے ایک میچ کے دوران نیپال کے کپتان روہت پاؤڈیل کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے پر ان کی میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ واقعہ سینٹ ونسنٹ میں ہفتے کے آخر میں ہونے والے گروپ ڈی کے میچ کے دوران پیش آیا جب بنگلہ دیش نے 21 رنز کی فتح کے ساتھ ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔

آئی سی سی نے بدھ کو کہا کہ تنظیم حسن نیپال کی اننگز کے تیسرے اوور کے اختتام پر ایک گیند پھینکنے کے بعد جارحانہ انداز میں روہت پاوڈل کی طرف بڑھے اور ان سے نامناسب رویہ اختیار کیا۔

دوسری جانب فاسٹ باؤلر تنظیم حسن نے جرم تسلیم کرتے ہوئے سزا قبول کر لی۔

نیپالی کپتان کا کہنا تھا کہ ہمارے درمیان کوئی تلخی نہیں ہے، بس وہ آیا اور اس نے مجھے مارنے کا کہا اس پر میں نے جواب دیا کہ جاؤ اور بولنگ کراؤ۔

واضح رہے کہ تنظیم حسن نے ایک زبردست ابتدائی اسپیل میں 4-7 حاصل کرکے بنگلہ دیشی ٹیم کو فتح دلوائی تھی۔

Read Comments