پاکستان کے محکمہ موسمیات نے کہ کراچی کے کچھ علاقوں میں آج رات بوندا باندی کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ حکام کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
پی ایم ڈی نے کہا کہ فضا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ہے اور اس وقت سمندری ہوائیں 30 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ گزشتہ ہفتے محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں 20 جون تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔