وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی تعریف کرتے ہوئے افسران اور تمام ٹیموں کو شاباش دی اور کہا کہ غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں، پنجاب میں آلائشیں اور صفائی نہ ہونے کی شکایت ملی تو فوری کارروائی ہوگی۔
اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں صفائی اور آلائشیں ٹھکانے لگانے پر کمپنی اور عملے کا جذبہ قابل تعریف ہے، پنجاب کے شہروں، تحصیلوں اور یوسیز میں انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی خدمت کو سراہتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کی خود نگرانی کر رہی ہوں، شہریوں کی سہولیات کے لیے حکومتی مشینری کی نگرانی کر رہی ہوں، جہاں شکایت ملی فوری کارروائی ہوگی۔
’ستھرا پنجاب‘ صوبے میں آج ایک نئی تاریخ لکھی گئی، مریم اورنگزیب
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں، اچھے کام پر شاباش ملے گی، فرض پورا نہ کرنے والے سزا کے لیے تیار رہیں، میڈیا اور شہری جہاں گند نظر آئے فوری سرکاری ہیلپ لائن پر آگاہ کریں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شکایات پر فوری عمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ شہری فرض اداکرتے ہوئے آلائشیں اور گندگی متعین مقامات پر پھینکیں، شہری اپنا فرض ادا کریں تاکہ عملے کو فرائض کی ادائیگی میں آسانی ہو، صفائی ستھرائی کے مشن میں سب مل کر ساتھ دیں۔