چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کی تشکیل کے وقت جو تحریری معاہدہ ہوا تھا اس پر عمل کیا جائے۔
ملتان میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمیں اس عید کے موقع پر سرحد پر ملک کے لیے جانیں قربان کرنے والے جوانوں کو نہیں بھولنا چاہیے، کیونکہ انہوں نے اپنے آج کو قربان کر کے ہمارے کل کو محفوظ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ہمارے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے تحفظات یہ ہیں کہ حکومت کی تشکیل کے وقت جو تحریری معاہدہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ہوا تھا اس پر عمل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب مسلم لیگ (ن) کا وفد میرے سینیٹ کے آفس میں ملاقات کے لیے آیا تھا تو میں نے بھی ان سے یہی کہا تھا کہ ہمارا آپ سے کوئی اور معاہدہ نہیں ہے، ہمارا مطالبہ صرف ایک ہے کہ جو ہمارے آپ کے ساتھ تحریری معاہدے ہوئے ہیں، اس پر عملدرآمد کیا جائے، یہ بلاول بھٹو زرداری کا مطالبہ ہے اور پنجاب میں جگہ دینے کا مطالبہ بھی اسی معاہدے کا حصہ ہے لہٰذا اس پر بھی عملدرآمد کیا جائے۔
ایم کیو ایم نے سیاسی جماعتوں سے رابطے کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو ہم اپنا ملتان کا سمجھتے ہیں اور وہ ہمارے دوست ہیں، وہ دوسری جگہ پر پرائے لگتے ہیں تو ان کو کہتا ہوں کہ آپ یہاں خاندان کے فرد نظر آتے ہیں اس لیے ہمارے آپ کے ساتھ زیادہ بہتر تعلقات ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے مہنگائی کی بات مجموعی طور پر کی ہے تو ہماری کوشش ہے کہ بجٹ میں ان طبقات کو ریلیف دیا جائے جن کی ضرورت زیادہ ہے۔
پی ٹی آئی پہلے معافی مانگے پھر آگے چلے، شرجیل میمن
انہوں نے ملک میں موجود مہنگائی کے پیش نظر مخیر حضرات سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر غریب و مفلس افراد اور قربانی کی استطاعت نہ رکھنے والوں کو اپنی خوشیوں کا حصہ بنانے کی اپیل کی۔