الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ الرحمان نے عیدالضحیٰ مصر کے درالحکومت قاہرہ میں غزہ مہاجرین کے ساتھ منائی۔
صدر الخدمت نے تجمل خامس قاہرہ میں عید کی نمازادا کرنے کے بعد غزہ جنگ سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، انہیں قربانی کا گوشت فراہم کیا جبکہ بچوں میں تحائف اور عیدی تقسیم کی۔ بعدازاں صدرالخدمت نے مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج غزہ کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔
یاد رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان غزہ کے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کیلئے 1600 بڑے جانوروں اور 1300چھوٹے جانوروں کی قربانی کررہی ہے۔ جن میں 100 بھیڑیں غزہ اور القدس، 100 گائے قاہرہ مصر جبکہ 1500 گائے اور 1200بکرے کراچی پاکستان میں قربان کیے جائیں گے۔
اسرائیلی فوج کا غزہ میں مخصوص اوقات کے دوران جنگ بندی کا اعلان
غزہ اور مصر میں گوشت فوری تقسیم کیا جائے گا جبکہ پاکستان میں ہونے والی قربانی کا گوشت پراسس کے بعد ٹِن پیکس میں پیکنگ کے بعد غزہ متاثرین تک بھجوایا جائے گا۔
قبل ازیں ڈاکٹرحفیظ الرحمان نے بلبیس کے مقام پر کیٹل فارم کا دورہ کیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے خریدے گئے قربانی کے جانوروں کا جائزہ لیا۔ صدر الخدمت نے کہا کہ عید خوشیوں کا تہوار ہے اور اہل پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو عید کی خوشیوں میں یاد رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ سے ہجرت کرکے قاہرہ میں پناہ گزین ہونے والے فلسطینی خاندانوں کےلئے الخدمت فاؤنڈیشن نے قربانی کا آغازکر دیا ہے اور قربانی کا یہ سلسلہ عید کے تین دن تک جاری رہے گا۔ قربانی کے بعد گوشت چلر ٹرکوں کے ذریعے غزہ مہاجرین کی رہائش گاہوں تک پہنچایا جائے گا۔ صرف قاہرہ میں مقیم غزہ مہاجرین کے 2 ہزار خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچائیں گے جبکہ قاہرہ میں موجود غزہ مہاجرین کے لیے بڑی دعوت کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔
رفح : کیپٹن وسیم محمود سمیت 8 اسرائیلی فوجی ہلاک
ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے بتایا کہ الخدمت نے قاہرہ کے مضافات میں 8 منزلہ رہائشی عمارت کرایے پر لی ہے جہاں فلسطینی خاندانوں کو ایک سال کے لیے ٹھہرائے جانے کا انتظام کیا ہے۔ الخدمت قاہرہ میں 2000 خاندانوں کو رجسٹر کر چکی ہے جبکہ 200 خاندانوں کے لیے رہائش سمیت دیگر ضروریات زندگی کا انتظام کر رہی ہے۔