لاہور کے مزنگ ٹیچنگ اسپتال میں وزیر صحت کے دورے کے دوران برطرف ملازمین نے احتجاج کیا۔ احتجاج کرنے والے ملازمین سے صوبائی وزیرِ صحت عمران نذیر کی تلخ کلامی ہوئی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والے ملازمین کو ہم دیکھ لیں گے۔
مزنگ ٹیچنگ اسپتال لاہور میں ذیابطیس کلینک کے افتتاح کیلئے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کو مدعو کیا گیا تھا۔ وزیر صحت کی آمد پر اسپتال سے برطرف کئے گئے طبی عملے نے اہل خانہ کے ساتھ احتجاج کیا۔ خواجہ عمران نذیر نے احتجاج پر برہمی کا اظہار کیا۔
ملازمین کا کہنا تھا کہ بے بنیاد الزامات عائد کرکے برطرف کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ملازمین پر کرپشن کا الزام ہے اور یہ کہ ثبوتوں کی بنیاد پر فارغ کیا گیا ہے۔
ہفتے کو ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں ڈاکٹرز اور خانیوال میں نرس کی گرفتاری کے خلاف لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کردی۔ میو، سروسز، جناح اور جنرل اسپتال کی اوپی ڈی میں کام بند ہونے سے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ ینگ ڈاکٹرز نے وزیر اعلی مریم نواز سے ڈاکٹرز کی بے عزتی پر معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔
خانیوال اسپتال میں اسٹاف نرس اقصٰی کی گرفتاری کے خلاف لاہور کے تمام اسپتالوں میں نرسیں بھی سراپا احتجاج ہیں۔ سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈی میں کام بند کرنے والی نرسوں نے سی ای او خانیوال کی معطلی تک احتجاج جاری رکھنے کی دھمکی دی ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز اور نرسیں احتجاج ختم کرکے فرائض اداکریں تو مذاکرات کیے جائیں گے۔