عید الاضحیٰ کے پیش نظر جیلوں میں موجود قیدیوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، آئی جی جیل خانہ جات نے عید سے قبل اہم اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نزیر کی جانب سے تمام جیل سپرنٹنڈنٹ کو عید کے موقع پر قیدیوں کی فیملی سے ملاقات کے لیے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
عید الاضحیٰ کے پیش نظر خصوصی ملاقات کے انتظامات کے ساتھ ساتھ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے بھی تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔
بڑی عید پر وہ فیملیز جو قیدی کے لیے کھانا لا رہی ہے، اسے چیکنگ کے بعد جیل حکام کے سپرد کرایا جا سکتا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کا کہنا تھا کہ سپرنٹنڈنٹ مخیر حضرات سے قربانی کا گوشت لے کر جیل میں موجود قیدیوں کے لیے کھانے کا انتظام کریں۔
ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ کے پہلے اور دوسرے دن صرف فیملی کے افراد ہی ملاقات کر سکیں گے، تاہم دوست احباب سمیت دیگر افراد کو اجازت نہیں ہوگی۔