وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بجٹ تقریر کے دوران کہا کہ دنیا کا سب سے کامیاب پروجیکٹ سندھ پیپلز ہاؤسنگ فلڈ افیکٹیس ہے، یومیہ گھروں کی تعمیر 3000 پر لے جانا چاہتے ہیں۔
مراد علی شاہ نے ایک کروڑ گھر بنا کر دینے کے منصوبے کے حوالے سے بتایا کہ ایک کروڑ 60 لاکھ افراد اس منصوبے سے مستفید ہو رہے ہیں، گھر کی خاتون کو مالکانہ حقوق دے رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مکان ٹھیکیدار نہیں بنا رہے، لوگ خود بنا رہے ہیں، ان کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ سے زائد گھر بنا چکے ہیں، جتنا سیلاب آیا تھا اس سے زیادہ اونچائی پر پلنتھ بنائی جاتی ہے اور ایک کمرے کا گھر بنایا جاتا ہے، زمین کی ملکیت بھی لوگوں کو دے رہے ہیں۔
اردو میں تقریر نہ کرنے پر رکن اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو ٹوک دیا
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں سندھ کی کوئی اسکیم وفاقی ترقیاتی پروگرام میں شامل نہیں کی گئی۔ موجودہ وفاقی حکومت نے نظر ثانی کرکے شامل کی۔
انھوں نے کہا کہ 1976اور 1996وغیرہ میں بھی سیلاب آئے، کبھی حکومت نے گھر بنا کر نہیں دیئے، اس وقت تک 7700 گھر نجی شعبے سے فنانس کروا چکے ہیں، دنیا میں آج تک اتنا بڑا پروجیکٹ نہیں بنا، 1لاکھ 25 ہزار گھر مکمل کر چکے ہیں، روزانہ 1500 گھر مکمل کرتے ہیں، 5 سے 6 لاکھ زیر تعمیر ہیں، یومیہ گھروں کی تعمیر 3000 پر لے جانا چاہتے ہیں۔