بڑی عید سے قبل بڑی سیاسی ہلچل نظر آرہی ہے، مولانا فضل الرحمان سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کے بعد اب صدرآصف علی زرداری سے وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں مابین باہمی دلچسپی کے امور اورملکی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو آگے لے جانے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، جمہوری اورآئینی ذمہ داری نبھانے ہوئےوطن کی ترقی کومقدم رکھنا ہے۔
وزیراعظم کی فضل الرحمان سے ملاقات، مسائل کےحل کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز
انہوں نے کہا کہ ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر صرف اور صرف پاکستان کا سوچنا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اتحاد اور یکجہتی کی طاقت سے ہر چیلنج سے نمٹا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے سیاسی مسائل کے باہمی تعاون سے حل کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی۔