Aaj Logo

شائع 14 جون 2024 09:31am

ٹی 20 ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی پہلی کامیابی، عمان کو بڑے مارجن سے شکست

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے 28 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے عمان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

انگلینڈ نے عمان کا 48 رنز کا ٹارگٹ 2 وکٹوں کے نقصان پر 101 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔

نارتھ ساؤنڈ میں سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروب بی کے 28 ویں میچ میں انگلینڈ نے عمان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

عمان کی بیٹنگ

عمان کی پوری ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 13 اعشاریہ 2 اوورز میں 47 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

عمان کی جانب سے صرف شعیب خان ہی 11 رنز بنا سکے، ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

ٹی20 ورلڈکپ: اسکاٹ لینڈ اور انگلینڈ کا 10 اوورز تک محدود میچ مکمل نہ ہوسکا

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے اپنے 4 اوورز میں 11 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مارک وڈ اور جوفرا آرچر نے 3-3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

انگلینڈ کی اننگز

عمان کی جانب سے دیے گئے 48 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 3.1 اوور میں حاصل کیا۔

انگلینڈ کے اوپنر فل سالٹ 3 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 12 رنز بنا کر بلال خان کے ہاتھوں بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے جبکہ انگلش کپتان جوز بٹلر 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر ول جیکس 7 گیندوں پر 5 رنز بنا کر کلیم اللہ کی گیند پر پرجاپتی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ جونی بیئرسٹو 8 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین لوٹے۔

عمان کی جانب سے بلال خان اورکلیم اللہ نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی، کرس جارڈن کی جگہ ریس ٹوپلے کو کھلایا گیا۔

انگلش کپتان بٹلر نے ٹاس کے موقع پر کہا کہ یہ واقعی ایک اچھی وکٹ لگ رہی ہے اور ہم جاننا چاہتے ہیں کہ ہم کس ہدف کا تعاقب کر رہے ہیں۔

اس موقع پر عمان کے کپتان عاقب الیاس نے کہا کہ ہم پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے لیکن آپ ٹاس پر انحصار نہیں کر سکتے۔ یہ بہت اچھی وکٹ ہے، بیٹنگ کے لیے بہت اچھا فلیٹ ٹریک ہے۔

Read Comments