Aaj Logo

شائع 12 جون 2024 11:07am

وزیراعظم کا اسلام آباد میں عالمی معیار کا قائد اعظم ہیلتھ ٹاور تعمیر کرنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کا قائد اعظم ہیلتھ ٹاور تعمیر کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے اُمور سے متعلق اجلاس ہوا۔

وزیراعظم نے ہیلتھ ٹاور کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کے حوالے سے فوری طور پر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

شہباز شریف نے کہا کہ صحت کا شعبہ ایک انتہائی اہم اور حساس شعبہ جس کے ذمہ انسانی جانیں بچانے کا اہم فریضہ ہے، ہیلتھ ٹاور میں بہترین معیار کے اسپتالوں کے علاوہ میڈیکل یونیورسٹی، نرسنگ یونیورسٹی ، جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ لیبارٹریز اور امراض کی تشخیص کے مراکز بھی قائم کیے جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں پولیو کے نئے کیسز سامنے آنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ملکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اور شراکت داروں کی مدد سے پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائیں گے ۔

وزیر اعظم نے قومی وزارت صحت کے زیر تحت لیبارٹریز کے معیار اور کارکردگی کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے وزارت قومی صحت اور اس سے منسلک اداروں میں بہترین استعداد کے ہیلتھ پروفیشنلز کی تعیناتی کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے اور ڈرگ پرائیسنگ کو ڈریپ سے الگ کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے اسلام آباد کے تمام سرکاری اسپتالوں کا ہیومن ریسورس آڈٹ کروانے کی ہدایت بھی کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے نرسنگ اسکولز اور کالجز کا بھی آڈٹ کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے صحت کے حوالے سے امور کی خود نگرانی کروں گا۔

انہوں نے اسلام آباد کے اسپتالوں کا فضلہ پراسیس کرنے والے پلانٹس کی استعداد میں اضافہ کرنے اور ان پلانٹس کو آؤٹ سورس کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو وزارت قومی صحت کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ نیشنل بلڈ ٹرانسفیوژن اینڈ بلڈ پراڈکٹس پراڈکٹس پالیسی جلد لائی جا رہی ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ نرسنگ اور مڈ وائفری کے حوالے سے قومی پالیسی فریم ورک پر کام حتمی مراحل میں ہے، نرسنگ گریجویٹس کی تعداد بڑھانے کے لیے کچھ نرسنگ کالجز میں شام کی کلاسز کا اجراء کیا جائے گا۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ پر قابو پانے کے حوالے سے نظر ثانی شدہ قومی ایکشن پلان برائے سال2030-2025 پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے اسپتالوں کے لیے 711 ملین روپے کے نئے طبی آلات اور ایمبو لینسز خریدی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے اسلام آباد کے ہسپتالوں کے لئے نئے طبی آلات اور ایمبو لینسز کی خریداری کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کی ہدایت کردی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے اسپتالوں میں جدید ہاسپیٹل مینجمنٹ سسٹم لگایا جائے گا، اسلام آباد کے 5 سرکاری اور 4 نجی اسپتالوں میں فضلہ تلف کرنے کے پلانٹس کام کر رہے ہیں۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ملک میں انسولین کی تیاری کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے، ملک میں مختلف ویکسینز کی تیاری میں اضافہ کیا جائے گا، پلازمہ فریکشنیشن کے مراکز اور فارما پارک قائم کیا جائے گا۔

اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ کوئٹہ کے ٹرشری کیئر اسپتالوں میں مشینری اور آلات مہیا کیے جائیں گے، موسیٰ خیل میں 50 بستروں پر مشتمل سرکاری اسپتال قائم کیا جائے گا، آزاد کشمیر میں ٹرشری کئیر اسپتال بنایا جائے گا اور ایک نیا تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال قائم ہو گا، گلگت بلتستان میں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور دانش ہسپتال بنایا جائے گا۔

اجلاس کو شاہ سلمان اسپتال کی تعمیر پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ملک مختار احمد، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

Read Comments