آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ کے 24 ویں میچ میں آسٹریلیا نے نمیبیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
نمیبیا کے 73 رنز کے آسان ہدف کو آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 5.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔
سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے گروپ بی کے میچ میں آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر نمیبیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
نمیبیا کے بیٹرز آسٹریلوی بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم 17 اوورز میں 72 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
نمیبیا کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور 21 رنز پر اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔
نمیبیا کے کپتان جرہارڈ ایراسمس 36 رنز بناکر نمایاں رہے اور مائیکل لین ونگن 10 رنز اسکور کرسکے جبکہ آسٹریلیا کے خلاف نمیبیا کے 9 بیٹرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
آسٹریلیا کی جانب سےایڈم زمپا نے 4 اوورز میں 12 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جوش ہیزل ووڈ اور اسٹوئنس نے 2،2 جبکہ کمنز اور الیز نے ایک ایک وکٹ لی۔
نمیبیا کا 73 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے چھٹے اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 17 گیندوں پر 34 اور مچل مارش 18 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 20 اسکور کیے۔
آسٹریلیا کی واحد وکٹ نمیبیا کے بولر ڈیوڈ ویزے نے حاصل کی۔
ٹی 20 ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج میں مسلسل تیسری کامیابی کے بعد آسٹریلیا نے 6 پوائنٹس کے ساتھ سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
اس طرح آسٹریلیا ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں جگہ بنانے والی دوسری ٹیم بن گئی۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور نمیبیا دونوں ایونٹ میں آج اپنا تیسرا میچ کھیل رہے تھے، اس سے قبل کینگروز اپنے دونوں میچوں میں کامیابی سمیٹ چکی ہے۔
نمیبیا کو گزشتہ 2 میچوں میں سے ایک میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔