Aaj Logo

شائع 11 جون 2024 08:46pm

سینیٹ میں 4 ترمیمی بلز منظور، پی ٹی آئی کا ایوان سے واک آوٹ

قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی 4 ترمیمی بلز منظور کر لئے گئے جب کہ پی ٹی آئی نے بلز کی منظوری کے خلاف ایوان سے واک آوٹ کیا۔

سینیٹ میں پاکستان براڈکاسٹنگ، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن ترمیمی بلز منظور کیے گئے۔ اس کے علاوہ پوسٹل سروسزمینجمنٹ بورڈ اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی ترمیمی بلز بھی منظور کیے گئے۔

پی ٹی آئی نے بلز کی منظوری کے خلاف ایوان سے واک آوٹ کیا جس کے بعد اپوزیشن کی عدم موجودگی میں چاروں بلز منظور کرلئے گئے۔ وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ نے بلز ایوان میں پیش کیے تھے۔

قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے کہا کہ ہمیں بلز کی منظوری کے عمل پر اعتراض ہے، چئیرمین سینیٹ نے اپوزیشن کے بغیر بلز کی منظوری کا عمل شروع کیا۔

چئیرمین سینیٹ نے شیری رحمان کو اپوزیشن کو منانے کی ہدایت کی ، جس کے بعد پی ٹی آئی سینیٹر ایوان میں واپس آئے۔

Read Comments