Aaj Logo

شائع 11 جون 2024 06:20pm

سی پیک ٹو منصوبہ: چین سے اعلیٰ سطح کا وفد جلد پاکستان آئے گا

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نےکابینہ کوحالیہ دورہ چین کے بارےمیں اعتمادمیں لیا، وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے پر مثبت گفتگو ہوئی چینی حکام کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین کا دورہ کامیاب رہا، سی پیک ٹو پر کام تیزی سے آگے بڑھے گا۔ سی پیک ٹو منصوبے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، بہت جلد چین سے اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب دورے پر تمام کابینہ اراکین کا شکر گزار ہوں۔ دورہ چین میں سکیورٹی سے متعلق معاملات ایجنڈے میں سرفہرست تھے، چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق چینی حکومت کو یقین دہائی کرائی گئی ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ چین کی زرعی شعبے میں جدت اور ترقی سے بھرپور استفاد ہ کے لیے حکومت پاکستان ایک ہزار نوجوانوں کو اس شعبے میں پیشہ وارانہ تربیت کے لیے چین بھیجے گی، جبکہ معروف چینی کمپنی ہواوے ہر سال 2 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں فنی اور پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے کابینہ کو اپنی چین کی اعلیٰ قیادت بشمول چینی صدر شی جنگ پنگ اور پریمیئر لی چیانگ سے ملاقاتوں اور اُن میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، اقتصادی اور اسٹرٹیجک شراکت داری پر مثبت پیش رفت پر بھی آگاہ کیا۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سفارش پر ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2024 کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اس پر وزارتِ قانون و انصاف کو ضروری نظر ثانی کرنے کی ہدایت کی، ایکٹ کے تحت نیشنل ڈیجیٹل کمیشن اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی تشکیل دی جائیں گی۔ بل کے تحت نیشنل ڈیجیٹل کمیشن پالیسی ساز ادارہ ہوگا جو وفاقی اور صوبائی ممبران پر مشتمل ہوگا اور اس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے۔

ڈیجیٹل پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی جائے گی جو ایک کارپوریٹ ادارہ ہوگا اورجس کے پاس مالی اور انتظامی اختیارات ہوں گے۔ ایکٹ کا مقصد پاکستان کی معیشت، گورننس اور سروسز سیکٹر کو بین الاقوامی سطح پر رائج جدید ڈیجیٹل نظام سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر ثالثی قانون (The Arbitration Bill 2024) کے مسودے پر ضروری قانون سازی کی اصولی منظوری دی۔ کابینہ نے اس حوالے سے آئین کی شق 144 کے تحت صوبوں کے ساتھ مشاورت کی بھی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سفارش پر نیشنل سکول فار پبلک پالیسی کے بورڈ آف گورنرز میں نجی اور تعلیمی شعبےسے ممبران کی تعیناتی اور وزارتِ انسانی حقوق کی سفارش پر اسلام آباد کے لیے نیشنل کمیشن فار ہیومین رائیٹس کے رکن کی تعیناتی کا عمل شروع کرنے اور اس کو پایائے تکمیل تک پہنچانے کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر قومی احتساب بیورو اور سری لنکا کے ادارے Commission to Investigate Allegations of Bribery or Corruption (”CIABOC“) کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارے Cabinet Committee on State Owned Enterprises (CCoSOEs) کے 13 اور 20 مئی 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

جبکہ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز (Cabinet Committee on Legislative Cases) کے 5 جون 2024 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

Read Comments