Aaj Logo

اپ ڈیٹ 10 جون 2024 07:41pm

عمران خان پر مقدمات درج کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب

Welcome

لاہور ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر سنگین نوعیت کے مقدمات درج کرنے کے کابینہ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر حکومت پنجاب سے 12 جون تک جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

عدالت عالیہ نے استفسار کیا کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ کابینہ نے کیا فیصلہ کیا ہے؟

لاہور ہائیکورٹ نے حکومت پنجاب سے 12 جون تک جواب طلب کر لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی عمران خان اور دیگر کیخلاف قانونی کارروائی کی منظوری

عمران خان نے مقدمات درج کرنے کے کابینہ کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ 24 مئی کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کابینہ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف آرمی سمیت دیگر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلانے پر مزید مقدمات کی منظوری دے دی تھی۔

صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پنجاب کابینہ نے عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں پر ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں قانونی کارروائی کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان مسلسل ریاستی اداروں کے خلاف ایک بیانیہ بنارہے ہیں اور وہ مجیب الرحمان بننے کی کوشش کررہے ہیں، جب کہ اڈیالہ جیل میں ملاقات کرنے والے رہنما بھی ان کی پیروی کرتے ہیں لہذا پنجاب کابینہ نے ان کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزارت داخلہ بہت جلد ضروری اقدامات کرے گی۔ عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں پر مزید مقدمات درج کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ اس حوالے سے صوبائی وزارت داخلہ اقدامات کرے گی۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع تھا جب پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پوری کابینہ سے عمران خان کے خلاف نئے مقدمات درج کرنے کی منظوری لینے کا فیصلہ کیا، اس سے قبل 9 مئی کو تشدد کے واقعات میں ایف آئی آر درج کرنے کی اجازت کابینہ کمیٹی نے دی تھی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں مقیم صحافی کی طرف سے شکایت درج کروائی گئی تھی جس نے عمران خان کے ریاست مخالف بیانیہ کو ثابت کرنے کے لیے ان کے مختلف ویڈیو کلپس، آڈیو اور انٹریوز اور اخبار کی کٹنگ پیش کیں۔

Read Comments