Aaj Logo

شائع 10 جون 2024 08:49am

ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی شکست پر شائقین مایوس، ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا

آئی سی سی ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد شائقین کرکٹ پر سکتہ طاری ہے، نوجوان کرکٹ فینز نے کبھی میچ نہ دیکھنے کا ارادہ کرلیا۔

نیویارک میں بھارت کے ہاتھوں قومی کرکٹ ٹیم کی شکست پر پاکستانی شاٸقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ شکست کی ذمے داربیٹنگ لائن ہے بولرز نے اپنا کام پورا کیا تھا، بابراعظم نے شدید مایوس کیا، سلیکشن میرٹ پر نہیں ہوئی دوستیاں نبھائی گئیں اور کپتان بابر ابھی بھی شاداب کو کھلا رہے ہیں۔

شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی بولرز نے پاکستانی بیٹرز کو چاروں خانے چت کردیا، بابر اعظم اور محمد رضوان کہنے کو چوٹی کے بیٹرز ہیں، آج اصل کارکردگی دکھانے کا دن تھا، بابر اعظم کپتان ہیں لیکن ان سے رن بنتے ہی نہیں، ٹیم کی کارکردگی صفر ہے اور مراعات کا کوئی حساب نہیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ : بولرز کی محنت پر بلے بازوں نے پانی پھیر دیا، پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں 6 رنز سے شکست

شائقین کرکٹ نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم کے بھارت کے سامنے ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں۔

شائقین نے مشورہ دیا کہ پاکستان کو پوری بیٹنگ لائن چینج کردینی چاہیے اور بابر کو کپتانی چھوڑ دینی چاہیے۔ کپتان کی کوئی پرفارمنس نظر نہیں آرہی۔

شائقین کرکٹ کا کہنا تھا کہ محمد رضوان نے گیندیں روک کر دیگر بیٹرز پر دباؤ بڑھایا، کوچ کیا کر رہا تھا ٹیم پاکستان کی کوئی حکمت عملی نظرنہیں آئی۔

پاک بھارت میچ میں پاکستانی ٹیم کی شکست پر شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے ٹی 20 میچ کو ٹیسٹ کرکٹ بنا دیا، کپتانی کا فقدان نظر آیا، بیٹرز نے قطعی طور پر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا۔

آئندہ دو میچوں میں غلطیوں پر غور کریں گے، بابر اعظم

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا سفر اگر مگر کا شکار

دوسری جانب بھارتی شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان آسان ٹارگٹ حاصل نہیں کرسکا، جیت پر بہت خوشی ہے۔

Read Comments