پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے ایک بار پھر اہم پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے وزیراعظم شہباز شریف 3 ماہ کے اندر قومی اسمبلی تحلیل کر دیں۔
کوٹ ڈیجی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اہم پیشگوئی کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا کہ وزير اعظم شہباز شریف کے لیے 3 مہینے اہم ہیں یہی وزیر اعظم قومی اسمبلی تحلیل کرے گا، جس کے بعد کوئی اور وزیر اعظم ہوسکتا ہے۔
انہوں نے اہم پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سیٹ اپ میں نواز شریف وزیراعظم نہیں بن سکتے، اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد جو بھی سیٹ اپ آئےگا دیکھا جائے گا مگر صوبائی اسمبلیاں موجود رہیں گی لیکن قومی اسمبلی تحلیل ہوسکتی ہے پھر الیکشن ہوں گے۔
منظور وسان کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات 3 مہینے میں کچھ بھی ہوسکتے ہیں، مہنگائی کم ہورہی ہے۔
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان کی نئی پیشگوئیاں
عمران خان کے حوالے سے رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عارضی ریلیف ملا ہے، ریلیف ملتے بھی ہیں اور پھر واپس بھی ہو جاتے ہیں، کوئی خوش فہمی میں نہ رہے یہ حالات ملک اور عمران خان کے لیے اچھے نہیں۔
منظور وسان نے قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم عرصے سے لے کر اب تک کون سی ٹیم سے جیتی ہے، اس میں تھوڑا محنت کی ضرورت ہے، امریکا نے پہلی بار انٹرنیشنل ایونٹ کرکٹ میں حصہ لیا اور پاکستان کو شکست دے دی یہ افسوس کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مودی وزیراعظم کی پوزیشن نہیں، اتحادی حکومت سے وزیراعظم بن سکتا ہے لیکن اکثریت نہیں ہوگی۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کسانوں کو گندم کا جو ریٹ ملنا چاہیئے تھا وہ نہیں مل رہا، گندم اسکینڈل میں نگراں حکومت نے زیادہ مقدار میں گندم کیوں خریدی؟ گندم اسکینڈل میں انکوائری ہوگی جوکہ نگراں حکومت پر ذمہ داری جائے گی۔