شہرقائد میں آوارہ کتوں کی بھرمار سے شہریوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہوگئے۔ نیو کراچی کے علاقے میں دو کم سِن بہن بھائی آوارہ کتوں کے حملے میں زخمی ہوگئے۔
آوارہ کتوں کے کاٹے سے زخمی ہونے والے دونوں بچوں کوانتہائی تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
آوارہ کتوں نے دونوں بہن بھائی کو بھنبھوڑ ڈالا۔ بچے کے چہرے پر کتے کے کاٹے سے 25 ٹانکے آئے ہیں۔
جناح اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں بچوں کی ویکسینیشن کردی گئی ہے۔
سماجی تنظیموں اور عوامی حلقوں نے صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو آوارہ کتوں سے محفوظ رکھنے کا اہتمام کیا جائے۔ آوارہ کتوں کو پکڑ کر شہر سے باہر کسی مقام پر منتقل کردیا جائے۔