وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں گزشتہ روز نجی کمپنی کے سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے کچرا اٹھانے والے لڑکے کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے اہم ہدایات جاری کردیں۔ ترجمان کےمطابق وزیراعلیٰ سندھ نے ہوم ڈپارٹمنٹ کو نجی سکیورٹی کمپنیوں کی انسپکشن کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کو کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے 16 سالہ کچرا چننے والا لڑکا جاں بحق ہوگیا تھا۔ مقتول کے بھائی امیر احمد کا کہنا ہے کہ گارڈ نے کچرا نہ اٹھانے پر ہونے والی تلخ کلامی کے بعد صمد کو گولی ماری۔
آج مراد علی شاہ نے ملزم کو فوری گرفتار کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انڈر ٹریننگ بھرتی گارڈ کو اسلحہ تھمانے والوں کےخلاف کارروائی کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گارڈ کو بھرتی کرتے وقت ان کی ذہنی افزائش پر بھی کام کیا جائے، ایسے شخص کو اسلحہ نہیں دینا چاہیے جسے نیا نیا گارڈ بھرتی کیا گیا ہو۔
سندھ کے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گارڈ کو تعینات کرتے وقت اُس کا کریمینل ریکارڈ بھی چیک کیا جائے کیونکہ اس طرح کے واقعات تکلیف دہ ہیں اور ناقابل برداشت ہیں۔