کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے 16 سالہ کچرا چننے والے لڑکے کی ہلاکت پر اس کے بھائی امیر احمد کا کہنا ہے کہ گارڈ نے کچرا نہ اٹھانے پر ہوئی تلخ کلامی کے بعد صمد کو گولی ماری۔
امیر احمد نے بتایا کہ میرا بھائی صمد والد کے ساتھ کچرا اٹھانے گیا تھا، والد جمعہ کی نماز پڑھنے گئے تو صمد ان کا انتظار کر رہا تھا، سکیورٹی گارڈ رمضان نے صمد کو کچرا اٹھانے کا کہا، صمد نے کہا کہ رک جاؤ تھوڑی دیر میں اٹھا رہا ہوں، جس پر سکیورٹی گارڈ نے بھائی کو گالی دی، اس دوران تلخ کلامی ہوئی جس پر گارڈ نے صمد کو گولی ماردی اور فرار ہو گیا۔
امیر احمد نے کہا کہ میں دوسرے ایریا میں کچرا اٹھا رہا تھا، مجھے ایک بندے نے اطلاع دی۔
امیر احمد کا کہنا ہے کہ ہم نو بہن بھائی ہیں، صمد تیسرے نمبر پر تھا، صمد 7 سال سے والد کے ساتھ کچرا اٹھانے کا کام کر رہا تھا۔
امیر احمد نے مطالبہ کیا کہ ہمیں انصاف چاہئے ملزم سکیورٹی گارڈ کو گرفتار کیا جائے۔