وزیراعظم شہباز شریف نے بڑے معاشی منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے لیے نیشنل اکنامک کونسل (این ای سی) تشکیل دے دی ہے، کونسل کے چیئرمین وزیراعظم شہباز شریف خود ہوں گے۔
وزیراعظم کی جانب سے بنائی گئی معاشی کونسل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
کونسل میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال شامل ہوں گے ۔
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب، سندھ کے وزیر برائے آبپاشی جام خان شورو، خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم، بلوچستان کے وزیر ظہور احمد بلیدی بھی این ای سی کے رکن ہوں گے۔
وزیراعظم کی جانب سے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس بھی 10 جون کو طلب کرلیا گیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف این ای سی اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ شریک ہوں گے۔
اجلاس میں چار نکاتی ایجنڈہ اجلاس میں زیرغور آئے گا۔
ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں سالانہ پلان برائے مالی سال 24-2023 کا جائزہ لیا جائے گا، سالانہ پلان برائے 25-2024 کی منظوری دی جائے گی اور تیرھویں پنج سالہ منصوبے پر بھی غور کیا جائے گا۔