وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کے دو بیٹوں، ایک رشتہ دار اور چار ڈرائیورز کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کے خلاف سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج ہے۔
تھانہ مارگلہ میں شیراز خان نامی شخص نے سردار تنویر الیاس کے بیٹوں کے خلاف ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
مارگلہ پولیس نے آرچرڈ لین اسکیم مری روڈ اسلام آباد کے رہائشی شیزاز خان کی مدعیت میں درج مقدمے پر ایکشن لیتے ہوئے تنویر الیاس کے دو بیٹوں، کزن اور ڈرائیورز کو گرفتار کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق سردارعفیف صغیر، سردار عمر تنویر، سردار عثمان تنویر، سردار اسامہ تنویر اور سردار احمد تنویر اپنے 15 سے 20 ساتھیوں کے ہمراہ جناح ایوینیو سے آگے روڈ پر گاڑیوں سے اسکٹنگ کرر ہے تھے اور راستہ بند کیا ہوا تھا۔
شہری نے بتایا کہ میں نے موقع پاتے ہی گاڑی آگے نکالی تو مذکورہ افراد نے اُسے روک کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور گاڑی کو نقصان پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں :
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش ناکام
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس کے گھرپرچھاپہ
اسلام آباد پولیس کی جانب سے سابق وزیراعظم سردار تنویرالیاس کے دو بیٹوں سردار عمر تنویر اور سردار اسامہ تنویر، ایک کزن سمیت 9 افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران پانچ گاڑیاں بھی قبضہ میں لے لیں جن پر پولیس لائیٹیں بھی لگی ہوئی تھیں۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی رات گئے فیصل ایوینیو سے ایف 10 کی جانب جا رہا تھا کہ 15 سے 20 گاڑیوں کے قافلے نے سڑک کو بلاک کیا ہوا تھا۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ معہ ایمونیشن اور زیر استعمال گاڑیوں کو قبضہ پولیس میں لے لیا گیا ہے، جبکہ سردار تنویر الیاس کی گرفتاری کی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔