کراچی والوں کیلئے ایک اور خوشخبری ، ملیر، کیماڑی، لیاری اور غربی میں پیپلز بس سروس کے نئے روٹس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
سینیئرصوبائی وزیر شرجیل میمن کی زیر صدارت نئے روٹس سے متعلق اجلاس میں ایم این ایز اور ایم پی ایز نے تجاویز پیش کیں ۔
اجلاس میں ضیاء الدین اسپتال تا چاکیواڑہ چوک براستہ بلاول چورنگی، چھبیس اسٹریٹ، گزری لین، سی ایم ہاؤس ، سلطان آباد، ماڑی پور روٹ کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔
پیر سے ہاکس بے تا صدر اور منگھوپیر سے بنارس بعد از سروے نئے روٹس کے لئے ٹیسٹ بس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کے روشن اور بہترین مستقبل کے لیے مسلسل لگن سے کام کر رہی ہے، پیپلز بس سروس کی توسیع پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے،شرجیل میمن کہا پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو عوامی ضروریات کے مطابق چلانے کے لئے ہمارے منتخب نمائندگان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔