پرووینشل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 6 جون تک پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرد آلود ہواؤں اور طوفانی بارش کی پیشگوئی کر دی جبکہ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسم کی صورتحال پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 6 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی آج سے بارشوں کی پیشگوئی، کن شہروں میں بادل برسیں گے
لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا اور میانوالی سمیت دیگر اضلاع میں بارش اور طوفان کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو موسمی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے، شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں، ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔