Aaj Logo

شائع 03 جون 2024 12:06pm

پاکستان بار کونسل نے چیف جسٹس پاکستان پر پی ٹی آئی کا اعتراض مسترد کردیا

پاکستان بار کونسل نے چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے لگایا جانے والا اعتراض مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ایماندار، اہل اور قابل ترین شخصیت ہیں۔

پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں، پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس پر دباؤ ڈالنے کے لیے یہ گھناؤنی سازش کی جارہی ہے۔

پاکستان بار کونسل کا کہنا تھا کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت چیف جسٹس کی کردار کشی کی جارہی ہے، پاکستان بار کونسل چیف جسٹس اور عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

پی ٹی آئی کا چیف جسٹس سے پارٹی اور عمران خان کے مقدمات سے الگ ہونے کا مطالبہ

اعلامیے کے مطابق پاکستان بار کونسل نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے حمایت کی۔

واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے پارٹی کی جانب سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس خود کو پارٹی کیسز سے الگ کریں کیونکہ جب سے قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس بنے ہیں ہمیں انصاف نہیں مل رہا ہے۔

Read Comments