سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سابق پورن اسٹاراسٹورمی ڈینیئلز کو پیسے دینے کا مقدمہ ان کی اہلیہ اور سابق خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے لیے ’’بہت تکلیف دہ“ رہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مقدمے میں جیل یا قید کی سزا قبول کرلیں گے لیکن عوام کے لیے جیوری کے فیصلے کو قبول کرنا مشکل ہوگا اور ایک ’بریکنگ پوائنٹ‘ تک پہنچ جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ججز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو 2016 کے صدارتی انتخابی مہم کے دوران سابق پورن اسٹار اسٹورمی ڈینیئلز کو دی گئی رقم کی ادائیگی کو چھپانے کے جرم میں مجرم قرار دیا ہے، واضح رہے سابق امریکی صدر کو 11 جون کو سزا سنائی جائے گی۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے دورن انٹرویو کہا کہ ’مجھے یقین نہیں ہے کہ عوام اس فیصلے کی حمایت کریں گے، میرے خیال میں عوام کے لیے اس فیصلے کو برداشت کرنا مشکل ہوگا، آپ جانتے ہیں، ایک خاص موڑ پر، ایک بریکنگ پوائنٹ ہوتا ہے۔“
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ ’وہ کون سا خاص موڑ ہے‘ اور ’بریکنگ پوائنٹ‘ سے کیا مراد ہے۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مقدمہ ان اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے لیے درد ناک ثابت ہورہا ہے۔
گواہی کے دوران پورن اسٹار اسٹورمی ڈینیئلز نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ الگ الگ سوتے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’میلانیا ٹھیک ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ سب کچھ اس کے لیے بہت مشکل ہے، کئی اعتبار سے یہ ساری معلومات مجھ سے زیادہ اہلخانہ کے لیے دردناک ہے۔