Aaj Logo

شائع 02 جون 2024 12:38pm

چِلی بھی عالمی عدالتِ انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقا کے ساتھ کھڑا ہوگیا

جنوبی امریکا کے ملک چِلی نے بھی عدالمی عدالتِ انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقا کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔ غزہ میں قتلِ عام رکوانے کے لیے جنوبی افریقا نے عالمی عدالتِ انصاف سے رجوع کر رکھا ہے۔

نیشنل کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے چِلی کے صدر گیبریئل بورک نے کہا کہ غزہ میں انتہائی خطرناک صورتِ حال ہے اور بہت بڑا انسانی المیہ رونما ہوچکا ہے۔ عالمی برادری کو اس پر بروقت ریسپانس دینا چاہیے۔ جو کچھ ہورہا ہے وہ خاموشی سے دیکھا نہیں جاسکتا۔

گیبریئل بورک نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ہونے والے قتلِ عام کے خلاف جنوبی افریقا نے عالمی عدالتِ انصاف میں جو کیس پیش کیا ہے اب چِلی اُس کا ساتھ دے گا۔

دی نیدر لینڈز (ہالینڈ) کے شہر دی ہیگ میں قائم عالمی عدالتِ انصاف جنوبی افریقا کے دائر کیے ہوئے مقدمے پر غور کر رہی ہے اور اس دوران اُس نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ حماس کے خلاف اپنی فوجی کارروائیوں کے دوران غزہ کے شہریوں کو جانی و مالی نقصان سے بچانے کے لیے جو کچھ بھی کرسکتی ہے ضرور کرے۔

چِلی نے فلسطین کو ایک ریاست کی حیثیت سے 2011 میں تسلیم کرلیا تھا۔ چِلی کے صدر گیبریئل بورک کہتے رہے ہیں کہ غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائی بلا جواز اور ناقابلِ قبول ہے۔

Read Comments