افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں بچوں اور خواتین سمیت 20 افراد ڈوب گئے جبکہ 5 افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئیں۔
ننگرہار صوبے کے انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر حادثے سے متعلق تصدیق کی اور بتایا کہ ننگرہار کے ضلع مومند درہ کے بساول علاقے میں ہفتے کی صبح ایک کشتی دریا میں ڈوب گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کشتی حادثے میں پانچ افراد زندہ بچ گئے۔ انہوں نے حادثے کے اسباب کے بارے میں کچھ کہنے سے گریز کیا اور بتایا کہ اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاہم انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
صوبائی حکومت کے عہدیداروں نے بتایا کہ کہ ابھی تک دریا سے صرف پانچ لاشوں برآمد کرلی گئی ہیں ، جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
مقامی میڈیا نے بتایا کہ علاقے کے رہائشی خستہ حال کشتیوں کا استعمال کرتے ہوئے دریا کو عبور کرتے ہیں کیونکہ قریب میں کوئی پل موجود نہیں ہے۔