Aaj Logo

شائع 01 جون 2024 05:46pm

شیخ مجیب الرحمٰن کے معاملے پر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، پی ٹی آئی خود اپنے اوپر پابندی لگا رہی ہے، اعظم نذیر

وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے کہا ہے کہ شیخ مجیب الرحمٰن کے معاملے پر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، ہم نے کیا کرنا ہے، پی ٹی آئی خود اپنے اوپر پابندی لگا رہی ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ”ایکس“ اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو جاری اور ٹوئٹ کی گئی تھی، اس ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ ’ہر پاکستانی کو حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کا مطالعہ کرنا اور یہ جاننا چاہئیے کہ اصل غدار تھا کون جنرل یحیٰ خان یا شیخ مجیب الرحمان‘۔

اس ویڈیو اور ٹوئٹ کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے عمران خان کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا اور ان کی اس ٹوئٹ اور ویڈیو کو ’ریاست مخالف اور پروپیگنڈا‘ قرار دیا تھا۔ علاوہ ازیں سیاسی مخالفین کی جانب سے عمران خان اور پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا بھی سامنا ہے۔

اس معاملے میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نہ وہ انٹرا پارٹی الیکشن کروا رہے ہیں، اپنا انتخابی نشان بھی گنوا دیا۔

علاوہ ازیں پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’رات گئے پیٹرول کی قیمتوں کے معاملے پر کیا ہوا کچھ علم نہیں، ریٹائرڈ ججز پر مشتمل الیکشن ٹریبونلز قائم کرنا وقت کی ضرورت ہے‘۔

Read Comments