وزیراعظم شہباز شریف نے ویئر ہاؤس اور لاجسٹکس کو انڈسٹری کا درجہ دینے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اور مختلف صنعتی و کاروباری ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزراجام کمال ،محمد اورنگزیب ،رانا تنویر حسین ،علی پرویز ملک اور دیگر نے شرکت کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ویئر ہاؤس اور لاجسٹکس کو انڈسٹری کا درجہ دینے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم نے اس حوالے سے تمام ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کر دی۔
کاروباری برادری نے وزیر اعظم کی جانب سے ان کا دیرینہ مطالبہ جو کہ مختلف فورمز پر التواء کا شکار تھا، پورا ہونے پر اظہارِ تشکر کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت بحالی کی پٹڑی پر گامزن ہے، مزید معاشی استحکام کے لیے کام کر رہے ہیں، معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹلائزیشن پر کام کا آغاز کیا جا چکا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان میں مقامی سرمایہ کاری بڑھے گی تب ہی بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا، اپنے آنے والے دورہ چین کے دوران چینی انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دوں گا، حکومت کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں سے افراط زر میں کمی واقع ہوئی ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے متبادل توانائی بالخصوص شمسی توانائی کے نئے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کریں گے، تین بڑے ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قومی خزانے کو اربوں روپے کے نقصان سے بچانے کے لئے ماسوائے چند سٹریٹجک ریاستی ملکیتی اداروں کے بقیہ تمام ایس او ایز کی نجکاری کر رہے ہیں، آئی ٹی انڈسٹری کی بہتر شرح نمو خوش آئند ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک تعیناتی ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کی کارکردگی جانچنے کے لئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کروائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کو ان کے تمام جائز مطالبات اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو تمام صنعتی شعبوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے لئے ٹاسک دے دیا۔
وفد نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا، وفد کے ارکان نے یقین دلایا کہ کاروباری برادری معیشت کی بہتری اور ٹیکس نیٹ میں اضافے کے حوالے سے حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ میں اہم تعلیمی اقدامات کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر تعلیم کے عہدیداران کی وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی جس میں تعلیم کے شعبے میں اہم پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے سندھ میں تعلیمی مواقع کو بڑھانے کے اقدامات کی اصولی منظوری دے دی ہے جب کہ ٹیکسٹائل یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جائے گا۔
کراچی میں نیشنل اسکلز یونیورسٹی کا کیمپس قائم کیا جائے گا، کراچی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن کا کیمپس قائم کیا جائے گا۔
وفاقی اردو یونیورسٹی کا کیمپس میرپورخاص میں قائم کیا جائے گا، کراچی میں ایک نیا دانش اسکول کھولا جائے گا تاکہ پسماندہ طلباء کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کی جاسکے۔
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سندھ میں اسکول کے کھانے کے پروگرام کے لیے فنڈ فراہم کرے گا جس کا مقصد طلبہ کی غذائیت اور حاضری کو بہتر بنانا ہے۔