Aaj Logo

شائع 29 مئ 2024 12:22pm

ہالی وُڈ اسٹار نے ٹرمپ کو مسخرا قرار دے دیا

ہالی وُڈ کے معروف اداکار رابرٹ ڈی نیرو نے بھی سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف کمر کَس لی ہے۔ نیو یارک میں ٹرمپ کے خلاف ہش منی کیس کی سماعت کے موقع پر رابرٹ ڈی نیرو بھی پہنچے اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ کو مسخرا قرار دیا۔

رابرٹ ڈی نیرو کا کہنا تھا کہ سابق صدر کے سارے دعوے اور وعدے کھوکھلے ہیں۔ امریکی عوام اُنہیں ووٹ نہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی ٹرمپ نے صرف جھوٹ بول کر ووٹ لیے تھے اور ایوانِ صدر تک راہ ہموار کی تھی۔

سابق امریکی صدر پر شدید تنقید کرتے ہوئے رابرٹ ڈی نیرو نے کہا کہ وہ دنیا کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ ان کا دوبارہ منتخب ہونا انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

نیو یارک کی عدالت کے باہر سابق امریکی صدر کے حامیوں نے اُنہیں مسخرا قرار دینے پر رابرٹ ڈی نیرو کا گھیراؤ کیا اور اُن کے خلاف نعرے لگائے آوازے کسے۔ جواب میں رابرٹ ڈی نیرو بھی اُن پر چیختےرہے۔

اس موقع پر کیپٹل پولیس افسران ہیری ڈن اور مائیکل فینون نے رابرٹ ڈی نیرو کو حفاظتی حصار میں لے رکھا تھا کیونکہ وہ صدر جو بائیڈن کی انتخابی مہم میں شریک ہونے کے لیے خصوصی دعوت پر آئے تھے۔

سابق امریکی صدر کے چند حامیوں نے رابرٹ ڈی نیرو پر آوازے کستے ہوئے خاصی غلیظ زبان بھی استعمال کی اور اُن کی فلموں کو واہیات اور ہیجان انگیز قرار دیا۔

رابرٹ ڈی نیرو نے پریس کانفرنس میں یہ بھی کہا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ منتخب ہونے کا موقع مل گیا تو وہ صدر کے منصب سے چمٹ جائیں گے اور کبھی اقتدار نہیں چھوڑیں گے۔

Read Comments