دوسال قبل ہوئے شاہین فورس اہلکار کے قتل پر سوئیڈن حکومت نے ملزم کی پاکستان حوالگی سے انکار کردیا ہے، 21 نومبر 2022 کو ملزم خرم نثار نے کانسٹیبل عبد الرحمان کو تلخ کلامی کے بعد قتل کیا تھا جس کے بعد وہ بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔
ملزم کی حوالگی کے لئے کراچی پولیس نے ایف آئی اے کے ذریعے سویڈن حکام سے رابطہ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق سویڈن حکومت نے خرم نثار کو حراست میں لے لیا تھا۔ لیکن اب سوئیڈش حکومت نے ملزم کی حوالگی سے انکار کر دیا ہے۔
سوئیڈن حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سوئیڈن کے درمیان معاہدے کی رو سے حوالگی ممکن نہیں ہے، ملزم کے خلاف شواہد کی روشنی میں سویڈن عدالت سزا کا فیصلہ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق سیلف ڈیفنس میں ملزم کو اس کیس میں بریت ملنے کا امکان ہے۔
ادھر وزارت خارجہ نے سویڈن حکومت کاجواب سندھ ہائیکورٹ میں جمع کروا دیا ہے، پولیس مقدمہ قتل کےتفتیشی شواہد وزارت خارجہ کے ذریعے سویڈن کےحوالےکرےگی۔