وزیراعظم شہبازشریف نے کل 28 مئی یوم تکبیر پرملک بھر میں سرکاری چھٹی کا اعلان کردیا، یوم تکبیر کی چھٹی کے حوالے سے کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ تمام صوبوں نے بھی کل عام تعطیل کا اعلان کردیا، سندھ میں میٹرک کا کل ہونے والا پرچہ ملتوی کردیا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے دن، 28 مئی یوم تکبیر کو سرکاری چھٹی قرار دے دیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، آج کے دن پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کے لیے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی نے 28 مئی کی سرکاری چھٹی کا فیصلہ مسترد کردیا
شہباز شریف نے کہا کہ یومِ تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کے لیے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے، یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں، جو ملک میں انتشار کی سیاست سے اس ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 28 مئی مئی یوم تکبیر اس وقت کے وزیرِاعظم میاں نواز شریف اور پاک فوج کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے اقدام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، اس دن ہم ذوالفقار علی بھٹو کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسے جاری و ساری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس دن یہ عہد کرتی ہے کہ 28 مئی کو جس طرح اس ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، ویسے ہی ہم شبانہ روز محنت سے اس ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئیں، آج کے روز ہم یہ عہد کریں کہ نا صرف بیرونی دشمنوں، بلکہ پاکستان میں موجود 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شرپسندی کو اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کے ساتھ ساتھ دن رات محنت سے ناکام بنائیں گے۔
دوسری جانب کابینہ ڈویژن نے 28 مئی یوم تکبر پر ملک بھر میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
یوم تکبیر کی سِلور جوبلی پر وزیراعظم اور فوج کا سائنسدانوں، انجینئیرز کو خراج تحسین
نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر میں تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔
خیبر پختونخوا میں بھی یوم تکبیر پر سرکاری چھٹی اعلان کردیا گیا، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کل 28 مئی کو صوبے میں عام تعطیل ہوگی۔
وفاق کی جانب سے کل 28 مئی یوم تکبیر پر چھٹی کے اعلان کے بعد سندھ حکومت نے بھی عام تعطیل کا اعلان کردیا۔
صوبائی وزیر شرجیل میمن نے تمام سرکاری دفاتر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل سندھ حکومت کی جانب سےعام تعطیل ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرارآفس نے کل یوم تکبیر کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 28 مئی یوم تکبیر چھٹی کی وجہ سے کل ہائیکورٹ بند ہوگی، اسلام آباد کی سیشن کورٹس بھی کل بند ہوں گی۔
منگل 28 مئی کو یوم تکبیر کے موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ عام تعطیل کے باعث کل اسٹیٹ بینک آف پاکستان سمیت تمام بینکس بند رہیں گے جبکہ اسٹاک ایکسچینج میں بھی کل کوئی کاروبار نہیں ہوگا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 28 مئی یوم تکبیر کی چھٹی کے باعث کل کے تمام کیسز ڈی لسٹ کردیے۔
وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام کل ہونے والے امتحانات اور پریکٹیکل ملتوی کر دیے گئے۔
اسلام آباد سے وفاقی نظامت تعلیمات کے مطابق 28 مئی کو پریکٹیکل اور امتحانی پرچے یوم تکبیر کی چھٹی کے باعث ملتوی کیے گئے ہیں۔
وفاقی نظامت تعلیمات کے مطابق 28 مئی کو شیڈول پریکٹیکل امتحان اب یکم جون کو ہوگا۔
وفاقی نظامت تعلیمات نے مزید کہا کہ 28 مئی کے انٹر ٹیک امتحانات بھی یکم جون کی دوپہر 2 بجے ہوں گے۔
ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ یوم تکبیر کی مناسبت سے حکومت نے 28 مئی کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، نادرا کے تمام دفاتر آج رات 12 بجے سے کل رات 12 بجے تک بند رہیں گے۔
ترجمان نادرا کے مطابق رات کی شفٹ میں کام کرنے والے دفاتر بھی اس تعطیل میں شامل ہوں گے، نادرا دفاتر کل رات 12 بجے دوبارہ کھلیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب 28 مئی 1998 کو صوبہ بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے دیا تھا۔
26 برس قبل ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی جبکہ دنیا کی 7ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا اور اس دن کو پاکستانی قوم ’یوم تکبیر‘ کے نام سے یاد کرتے ہیں۔
دھماکوں کے بعد 1999 میں بھارت کے ساتھ پاکستان کی کارگل جنگ جاری تھی، جس کی وجہ سے یوم تکبیر بہت زیادہ جوش و خروش سے منایا گیا، مگر اکتوبر 1999 میں نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا اور ملک میں جنرل پرویز مشرف کی فوجی حکومت آگئی تھی، جس کے بعد یوم تکبیر اس جوش و جذبے سے نہیں منایا جا سکا۔