قطر ایئرویز کی آئرلینڈ جانے والی فلائٹ میں دوران پرواز شدید جھٹکے لگنے سے 12 مسافر زخمی ہو گئے۔
قطر ایئرویز کی دوحہ سے آئرلینڈ جانے والی بوئنگ 787 ڈریم لائنر کی پرواز کیو آر 017 کو دوران پرواز ترکیہ سے گزرتے ہوئے شدید جھٹکے لگے جس کی وجہ سے 12 مسافر زخمی ہو گئے، فلائٹ کو بحفاظت ڈبلن ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
ڈبلن ایئرپورٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لینڈنگ کے بعد ایئرپورٹ پولیس اور فائر اینڈ ریسکیو ڈپارٹمنٹ سمیت ہنگامی خدمات نے طیارے کو اپنے حصار میں لے لیا۔ طیارے میں سوار 6 مسافر اور عملے کے 6 افراد زخمی ہوگئے۔
آئرش نشریاتی ادارے نے ڈبلن ہوائی اڈے پر پہنچنے والے مسافروں کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ 20 سیکنڈ سے بھی کم عرصے تک جاری رہا اور کھانے پینے کی خدمات کے دوران پیش آیا۔
دورانِ پرواز شدید جھٹکے لگنے سے جہاز میں موجود مسافر ہلاک
قطر ایئرویز کے ترجمان نے عالمی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ مسافروں اور عملے کو جو چوٹیں آئیں وہ معمولی تھیں۔
ایئر لائن کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے اندرونی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پانچ روز قبل لندن سے سنگاپور جانے والی سنگاپور ایئرلائنز کی پرواز کو شدید ہنگامہ آرائی کی وجہ سے بنکاک میں لینڈ کرنا پڑا تھا جس کے نتیجے میں ایک 73 سالہ برطانوی شخص ہلاک اور 20 دیگر مسافر شدید زخمی ہو گئے تھے۔
امریکہ کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی جانب سے 2021 میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق دوران پرواز جھٹکوں سے متعلق ایئر لائن حادثات سب سے زیادہ عام قسم کے ہیں۔
حادثے کا شکار جہاز کے پائلٹس کے آخری الفاظ نے رونگٹے کھڑے کردیے
سنہ 2009 سے 2018 کے درمیان رپورٹ ہونے والے ایئر لائن حادثات میں سے ایک تہائی سے زیادہ جھٹکوں کی وجہ سے ہوئے اور ان میں سے زیادہ تر کے نتیجے میں ایک یا ایک سے زیادہ شدید زخمی ہوئے، لیکن طیارے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔