وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، 40 منٹ کی ملاقات میں انہوں نے سابق وزیراعظم کو ایس آئی ایف سی اجلاس کے حوالے سے آگاہ کیا۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے مختص روز نہ ہونے کے باوجود وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورکی بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات جیل کانفرنس روم میں کروائی گئی، جو تقریبا 40 منٹ تک جاری رہی۔
بانی پی ٹی آئی سے ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل (ایس ائی ایف سی) اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ ملاقات میں پارٹی اور ملکی سیاسی صورتحال کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔
علی امین گنڈاپور کا آرمی چیف سے ملاقات کا انکشاف
سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ختم ہونے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
گزشتہ روز ایس آئی ایف سی اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ صوبے کی نمائندگی کے لیے اجلاس میں شرکت کی اور صوبے کے عوام کے ریلیف کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ وفاق سے مطالبہ کررہے ہیں کہ ہمارے صوبے کے فنڈز فوری ادا کریں، اپنا کام بھی کریں گے اور ایس آئی ایف سی کے تحت بھی حاضر ہیں، جب کہ اجلاس میں فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس لگانے کی مخالفت کی۔
یاد رہے کہ کچھ دیر گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا 10واں اجلاس ہوا جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ، وفاقی وزرا، چاروں وزرائے اعلیٰ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیف سیکریٹریز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
سعودی عرب اور امارات پاکستان میں سرمایہ کاری ایس آئی ایف سی کے ذریعے کرنا چاہتے ہیں ، وزیراعظم
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کونسل میں ایس آئی ایف سی صرف فوجی افسران کا نام نہیں، اس کی کارکردگی نے ناقدین کے منہ بند کردیے ہیں، فوجی اور سول افسران ایس آئی ایف سی سے متعلق ملکرکام کررہے ہیں۔