حال ہی میں بھارت کے گیمنگ زون میں آتشزدگی کی خبر نے سب کی توجہ حاصل کی تھی، جہاں حادثے میں 27 افراد جان سے گئے تھے، تاہم اب بھارت ہی میں آتشزدگی کا ایک اور واقعہ رونما ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دلی کے علاقے ویویک ویہار کے بے بی کیئر سینٹر میں آگ لگنے سے 6 سے زائد نومولود بچے جل کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔
خوفناک آتشزدگی کا واقعہ ہفتے رات کو پیش آیا تھا، جبکہ دلی فائر سروسز کے مطابق رات 11 بج کر 32 منٹ پر آگ لگنے کے واقعے کے حوالے سے خبر موصول ہوئی تھی۔
اس حوالے سے 16 فائر ٹینڈرز کی گاڑیاں دلی کے بے بی کئیر سینٹر روانہ کی گئی تھیں۔
جبکہ ذرائع کے مطابق بے بی کئیر سینٹر سے 12 نومولود کو ریسکیو کر لیا گیا ہے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ 5 نومولود کو اسپتال میں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔
جبکہ اسپتال انتظامیہ اور مالکان کے خلاف کیس بھی فائل کر دیا گیا ہے، جس میں اسپتال انتظامیہ کی نااہلی کو واضح کیا گیا ہے، تاہم آتشزدگی کی وجہ تاحال سامنے نہ آ سکی ہے۔