پشاور: سنی اتحاد کونسل کے ایم پی اے کی جانب سے پیسکو سب ڈویژن میں داخل ہونے کے بعد معاملے نے نیا رخ اختیار کرلیا۔ پیسکو چیف انجینئر نے پشاور پولیس کو مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست کردی۔
درخواست میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا میں حکومتی رکن فضل الہیٰ اور دیگر پیسکو چمکنی سب ڈویژن میں 500 افراد کے ہمراہ داخل ہوئے، 6 فیڈرز کی بجلی زبردستی بحال کی گئی۔
رکن اسمبلی فضل الہیٰ نے گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوکر بند فیڈرز چالو کردئے، پیسکو کے ساتھ مذاکرات کامیاب
پیسکو چیف انجینئر نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک بجلی فراہمی جاری رکھی گئی اور اس تین گھنٹے میں 70 ہزار یونٹ بجلی خرچ ہوئے جس سے قومی خزانے کو 36 لاکھ کا نقصان ہوا اس لیے حکومتی رکن فضل الہی اور دیگر کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں حکومتی رکن فضل الہیٰ گرڈ اسٹیشن رحمان بابا کا کنٹرول سنبھالنے پہنچ گئے تھے۔ فضل الہیٰ پی ٹی آئی کارکنان کے ہمراہ گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوئے اور متعدد فیڈرز آن کرا دئے۔
ایم پی اے فضل الہیٰ کے ساتھ پی ٹی آئی کارکن بھی رحمان بابا گرڈ اسٹیشن پہنچے تو گرڈ اسٹیشن پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی اور ایم پی اے اور کارکنوں کو اندر داخل ہونے سے روک دیا گیا۔