ایک طرف محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقے آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ دوسری جانب بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دوہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔
گزشتہ روز موہنجودڑو میں پارہ 51 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح خیرپور اور جیکب آباد میں درجہ حرارت 50، روہڑی، سکھر اور دادو میں 49، رحیم یارخان اور سبی میں 48 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں 37 ڈگری کی گرمی 43 ڈگری تک محسوس کی گئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 27 مئی تک ہیٹ ویو کے خطرات برقرار ہیں جبکہ درجہ حرارت 48 ڈگری تک جانے کا خدشہ ہے۔
لاہور میں آسمان سے سورج آگ برسا رہا ہے تو زمین پر لیسکو حکام کی جانب سے لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو دوہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے، بڑھتی گرمی میں بجلی بندش کا دورانیہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ یہی صورت حال کراچی کی بھی ہے جہاں گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام سڑکوں پر ہیں۔
عوام بجلی لوڈ شیڈنگ کے ذمہ داروں پر صبح، دوپہر، شام لعنت بھجیے، امین گنڈا پور
خیبرپختونخوا کے بھی زیادہ تر اضلاع میں خصوصاً جنوب میں شدید گرمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوہاٹ، چارسدہ، پشاور، خیبر، لکی مروت، کرک، ہنگو، نوشہرہ، ڈی آئی خان اور ٹانک میں تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابقق بالائی دیر، سوات، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیمرگرہ میں 4، دیر میں 3 اور مالم جبہ میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
صوبے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈیرہ اسماعیل خان میں 45 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ بنوں میں 43، تخت بائی میں 39، تیمرگرہ میں 38، دیر میں 34 اور چراٹ میں درجہ حرارت 36 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پشاور میں میں کم سے کم درجہ حرارت 23 اور زیادہ سے زیادہ 41 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور میں دن بھر کی شدید گرمی کے بعد رات گئے تیز بارش سے موسم خوشگوار تو ہوگیا، تاہم آندھی چلنے اور بارش سے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔
گجرات، جھنگ، ننکانہ صاحب، راولپنڈی، گوجر خان اور سیالکوٹ میں طوفانی بارش نے جھل تھل ایک کردیا، جبکہ آسمانی بجلی گرنے سمیت مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق اور پندرہ زخمی ہوگئے۔
سیالکوٹ میں کشمیر روڈ پر محلہ اسلام نگر میں کباڑخانے کی خستہ حال دیوار گرنے سے دو افراد ملبے تلے دب گئے، حادثے میں 27 سالہ عاقب جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
تحصیل پسرور کے علاقہ بھاگ میں چچا بھتیجا آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوگئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔