سندھ ہائیکورٹ نے 2018 سے لاپتہ شہری سمیت دیگر افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر وزارت دفاع کو تمام ایجنسیوں سے رپورٹس حاصل کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں کراچی کے مختلف علاقوں سے لاپتہ شہری سمیت دیگر افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ ساؤتھ کے علاقے سے لاپتہ شہری سید نوید کی بازیابی کے لیے 23 جے آئی ٹیز کے اجلاس ہوچکے ہیں لیکن کیٹیگری کا تعین نہیں ہو سکا۔
عدالت نے شہری کی عدم بازیابی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ 23 جے آئی ٹیز کے بعد بھی کیٹیگری کا تعین نہیں ہوسکا کس طرح کی کارکردگی ہے؟ شہری کے اہل خانہ پولیس کی جانب سے پیش کی گئی روایتی رپورٹس سے مایوس ہوچکے ہیں۔
منگھو پیر سے لاپتہ شہری عبداللہ کے اہل خانہ بھی عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ عبداللہ 2018 سے منگھو پیر سے لاپتہ ہے۔
دوران سماعت اہل خانہ نے عدالت میں انکشاف کیا کہ چند دنوں سے ہمیں فون کالز کی جارہی ہیں اور 7 لاکھ تاوان کی ڈیمانڈ کی جارہی ہے، جس نمبر سے کالز کی جارہی ہیں اس نمبر کی لوکیشن ڈیرہ غازی خان کی ہے، وہ فون نمبر ہم نے پولیس کو مہیا کر دیا لیکن پولیس کی جانب سے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
عدالت نے پولیس حکام کی کارکردگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کیا اس نمبر سے متعلق تحقیقات کی گئی کون پیسے مانگ رہا ہے؟ شہری کے اہلخانہ 2018 سے تو عدالتوں اور پولیس اسٹیشنز کے چکر کاٹ رہے ہیں۔
سندھ ہائیکورٹ نے تفتیشی افسر کی سر زنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو کچھ اندازہ ہے وہ کس تکلیف کا سامنا کر رہے ہیں؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ جو نمبر ہمیں دیا گیا اس کی لوکیشن تو ڈیرہ غازی خان کی ہے لیکن نمبر بند ہے۔
عدالت نے کہا کہ شہری کے اہلخانہ نے سی ڈی آر رپورٹس پیش کردی انہیں اس نمبر سے کالز کی جارہی ہیں اور آپ کہہ رہے ہیں نمبر بند ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے سید نوید علی، رسالہ کے علاقے سے ادریس، منگھو پیر سے لاپتہ عبداللہ اور دیگر شہریوں کی بازیابی کے لیے کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
عدالت عالیہ نے آئندہ سماعت پر وزارت دفاع کو تمام اداروں سے رپورٹس حاصل کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ شہریوں سے متعلق ایف آئی اے سے ٹریول ہسٹری رپورٹ حاصل کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے شہری عبد اللہ کے کیس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو پیش رفت رپورٹس کے ساتھ طلب کرلیا اور درخواستوں کی سماعت 21 اگست تک ملتوی کردی۔