Aaj Logo

شائع 22 مئ 2024 10:42pm

اسامہ بن لادن کے نام کی شراب نے کمپنی کی ویب سائٹ اور فون بند کرا دئے

بدنام زمانہ عالمی دہشتگرد تنظیم ”القاعدہ“ کے مقتول سربراہ اسامہ بن لادن کے نام والی شراب متعارف کروانے پر برطانیہ کی ایک شراب بنانے والی کمپنی کے اپنی ویب سائٹ اور اس کے ملازمین کو اپنے فونز بند کرنے پڑ گئے۔

مچل بریونگ کمپنی کے مالک لیوک مچل نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ہم گزشتہ دو صبح سے ہزاروں پیغامات کے ساتھ بیدار ہو رہے ہیں‘۔

دراصل کمپنی نے اپنی بئیر کا نام اسامہ بن لادن کے نام پر ”اسامہ بن لیگر“ رکھا، اس کے اوپر سابق القاعدہ چیف کا ایک کارٹون بھی بنا تھا۔

اس اشتعال انگیز پیکیجنگ اور نام کی تصاویر تیزی سے آن لائن وائرل ہوئیں، جس کی وجہ سے یہ اتنی تیزی سے بکنے لگی کہ شراب بنانے والے عملے کو مانگ کی وجہ سے اپنے فون ان پلگ کرکے ویب سائٹ کو بند کرنا پڑا۔

متنازع نام کے باوجود، اسامہ بن لیگر کی آمدنی ایک اچھے مقصد کیلئے بھی استعمال کی جا رہی ہے۔

بی بی سی نے رپورٹ کیا کہ فروخت ہونے والے ہر بیرل کے عوض، شراب خانہ 9/11 دہشت گرد حملوں کے متاثرین کو فائدہ پہنچانے والے خیراتی ادارے کو 13 ڈالرز عطیہ کرتا ہے۔

اس شراب کا نام مچل بریونگ کمپنی کے متعدد متنازع ناموں میں سے ایک ہے، جو ”خوفناک آمروں“ کا مذاق اڑانے کے لیے رکھے گئے ہیں۔

مچل کا کہنا ہے کہ یہ بیئر ذائقہ میں ناقص لگ سکتی ہیں، لیکن ’جب لوگ بار پر نام دیکھتے ہیں تو ہر کوئی ہنستا ہے۔‘

Read Comments